گلگت۔7اکتوبر (اے پی پی):چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ سکولوں میں کھانے کی فراہمی کا پروگرام خطے کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ پروگرام روز بروز بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکول کھانا فراہمی پروگرام کو اب خصوصی تعلیم کے شعبے تک بڑھا دیا گیا ہے، معذوری کے حامل متعدد طلباء اب ایک متوازن غذا سے مستفید ہوں گے،جو ان کے سیکھنے کے تجربے اور مجموعی صحت کے معیار کو بہتر بنائے گا۔
محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے *سکول کھانا فراہمی پروگرام* شروع کیا گیا ہے،چند ماہ میں پورے صوبے تک اس کے دائرہ کار کو بڑھا جائے گا۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کا اس پروگرام کے حوالے سے کہنا ہے کہ ہمیں اسکول کے کھانے کے پروگرام کی ضرورت اس لیے پیش آئی ہے کہ گلگت بلتستان اور پاکستان مجموعی طور پر متوسط گھرانوں پر مشتمل ہیں جس کے باعث انہیں اپنا گزارہ کرنا مشکل ہے۔
سکولوں میں مفت دوپہر کا کھانا فراہم کرنے سے ان کا مالی بوجھ بھی کم ہوگا۔کھانے کے پروگرام کو اس طرح سے ترتیب دیا گیا ہے کہ یہ اسکول جانے والے بچوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرے گا، جس سے وہ روزمرہ کی سرگرمیوں بشمول سیکھنے میں حصہ لینے کے لیے صحت مند ہوں گے،جس کے باعث ان کے نتائج بھی بہتر ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسکول کے بچوں کو کھانا فراہم کرنے سے والدین کو اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کی بھی ترغیب ملے گی۔