لاہور۔29جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب نے کہا کہ فوڈ نیوٹریشن پر مکمل توجہ درکار ہے، جامع پالیسی بنا کر ہی اس مسئلہ پر قابو پایا جاسکے گا، پائلٹ پراجیکٹ کے تحت سکول میں زیر تعلیم بچوں تک معیاری فوڈ پہنچایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بدھ کو گورنر ہائوس بوائز سکول میں سکول نیوٹریشن پروگرام کے تحت سیمینار سے خطاب میں کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے اس موقع پر سکول نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح بھی کیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سکول نیوٹریشن پروگرام کسی نعمت سے کم نہیں،اس کی اشد ضرورت ہے، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی بچوں کی صحت کے حوالے سے لگن اور محنت کامیابی کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے گھر کے کھانے کی نسبت بازاری کھانوں کو پسند کرتے ہیں، چھوٹی عمر میں شوارما برگر پیزا کی بجائے دودھ دہی مکھن کھانا چاہیے۔ گورنر پنجاب نے کہا والدین کو تعلیم دینا ایک بڑا چیلنج ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی کا پلان دیکھ کر خوشی ہوئی، اچھی صحت بنانے کے لئے خوراک کے اوقات کو ملحوظ خاطر رکھنا بھی ضروری ہے، غذائی کمی کا شکار بچے کبھی بھی اس مقام تک نہیں پہنچ پاتے جس کے وہ حقدار ہوتے ہیں،پریشانی کا عالم ہے کہ 40فیصد بچے سٹنٹنگ کا شکارہیں اور 30فیصد بچوں کا قد عمر کے لحاظ سے کم ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ بچوں کی خوراک میں گوشت دالیں، سبزی، فروٹس کو شامل کرنا ضروری ہے، فوری طور پر سکول نیوٹریشن پروگرام کا پنجاب بھر میں دائرہ کار پھیلا دیں، میری اور گورنر ہائوس کی تمام سپورٹ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ ہے ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ ایٹ سیف کڈز کمپین کے فوری بعد سکول نیوٹریشن پروگرام کے آغاز کی ضرورت محسوس کی گئی، 25 سرکاری سکولوں کے 38 ہزار بچوں کوپروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔بچوں کی سکریننگ رپورٹس والدین، سکول ایڈمنسٹریشن، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو بھیجی جائیں گی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ سکول نیوٹریشن پروگرام کے تحت ہر سکول میں کوارڈینیشن کمیٹی بنائی گئی ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی آفیسرز نے اپنی تنخواہ میں سے بچوں کے لئے لنچ باکس تیار کروائے، بچوں کی صحت کے اعدادو شمار الارمنگ ہے، فوری ایمرجنسی اقدامات کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اب تک 10ہزار بچوں کی سکریننگ مکمل کی گئی، 700بچے غذائی کمی سے شدید متاثر ہیں، بچوں پر توجہ نہ دی تو قد کیساتھ ساتھ ذہنی نشوونما بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ بچوں کے تعلیمی نصاب میں نیوٹریشن پر ایک مضمون شامل کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں، لاہور سے راجن پور تک کے تعلیمی اداروں میں سکول نیوٹریشن پروگرام کو ہم سب نے ملکر پروان چڑھانا ہے۔