سانگلہ ہل۔ 19 نومبر (اے پی پی):ننکانہ صاحب میں بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک اور بڑی مثال قائم کرتے ہوئے سکھ، مسیحی، ہندو اور مسلم کمیونٹی نے بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کا کیک ملکر کاٹا اور تمام کمیونٹیز نے باہمی محبت، احترام اور یکجہتی کا پیغام دیا۔تقریب میں صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ، سردار سرجیت سنگھ کنول، بشیر بھٹی مسیح اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب کے دوران مختلف مذہبی عقائد کے ماننے والوں نے اپنے اپنے مذہب کی روایات کو ملحوظ رکھتے ہوئے بابا گورونانک کے جنم دن کی خوشیاں منائیں۔ تقریب میں کیک کاٹا گیا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی جس سے ایک مضبوط پیغام ملا کہ مختلف مذاہب کے پیروکار ایک ساتھ امن، محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس قسم کی تقریبات نہ صرف ہمارے درمیان محبت و بھائی چارے کا فروغ دیتی ہیں بلکہ یہ پاکستان کی ثقافتی اور مذہبی رواداری کی ایک بہترین مثال بھی ہیں۔