سکھر۔ 05 جنوری (اے پی پی):سکھر میں سرسو کی جانب سے اختتامی پروجیکٹ و سبق آموز ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو ) کی جانب سے سکھر میں سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کے لیے مربوط ایمرجنسی ہیلتھ، پروٹیکشن، اور واش ریسپانس کے پروجیکٹ کا اختتامی اور سبق آموز ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ۔ یہ ورکشاپ سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن ( سرسو ) کمپلیکس سکھر میں منعقد کیا گیا۔
سرسو ترجمان جمیل احمد کے مطابق ورکشاپ میں دو اضلاع کے تمام پروجیکٹ ٹیم ممبران، سینئر مینجمنٹ، سیکٹر ہیڈز اور ڈسٹرکٹ منیجرز نے شرکت کی۔سندھ ریجن ٹیم کے ممبران نے بھی اپنے خیالات، سیکھنے اور پراجیکٹ پر عمل درآمد کے دوران درپیش چیلنجز کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سرسو پراجیکٹ کے فوکل پرسن نعمت اللہ ساوند نے حاصل کردہ اہداف ، سیکھنے کے عمل ، منصوبے کے مقررہ اہداف اور نتائج کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے راستے کی تفصیلات پیش کیں۔ مالٹیزر انٹرنیشنل کے کنٹری کوآرڈینیٹر فیاض شاہ نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے لائیو ورکشاپ میں شمولیت اختیار کی ،اپنے خیالات ، پروجیکٹ کی کامیابیوں اور سرسو کی شراکت داری کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ورکشاپ کے دوران تمام ٹیم ممبران اور مختلف سیکٹرز کے پروجیکٹ کے اہم شراکت داروں کو یادگاری شیلڈز اور ویزیبلٹی کٹس سے نوازا گیا جس کے بعد میوزیکل ایوننگ بھی ہوئی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ منصوبہ سرسو کی جانب سے مئی 2023 سے دسمبر 2023 تک سب سے زیادہ سیلاب سے متاثرہ پانچ یونین کونسلوں (2 تعلقہ ٹھری میرواہ، ضلع خیرپور، اور 3 تعلقہ جھڈو ضلع میرپورخاص) میں اے اے ڈی اور جی ایف ایف او کی مالی معاونت سے مالٹیسر انٹرنیشنل کے تعاون سے شروع کیا گیا۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کے لیے ضروری اور زندگی بچانے والی صحت، پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت، تحفظ اور خوراک کی خدمات تک رسائی کو بڑھانا تھا۔
پراجیکٹ کے تحت ہدف بنائے گئے سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز نے زندگی بچانے والی ادویات اور سپلائیز، صنف کے مطابق لیٹرین، احتیاطی اور رسپانس پروٹیکشن سروسز، بہتر غذائیت کی صورتحال، حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور غذائی قلت کے شکار بچوں سمیت معذور افراد کے لیے خوراک تک کی رسائی میں اضافہ کیا ہے۔