سکھر اور گڈو بیراج پر فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی ، درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہو سکتی ہے ، محکمہ آبپاشی حکام سندھ

43

سکھر۔ 09 جولائی (اے پی پی):سکھر اور گڈو بیراج پر فلڈ وارننگ جاری کردی گئی ، تربیلا ڈیم کے سپل ویز کھولنے کے پیش نظر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے۔ محکمہ آبپاشی حکام سندھ کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے ، جس کی وجہ سے گڈو اور سکھر بیراج پرفلڈ وارننگ جاری کردی گئی ہے ۔ تربیلا ڈیم کے سپل ویز کھولنے اور مون سون کی بارشوں کے پیش نظر سیلاب کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے ۔ محکمہ آبپاشی کے حکام کا کہنا ہے کہ گڈو اور سکھر بیراج پر آئندہ ہفتے نچلے سے درمیانے درجے تک سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے، کمزور پشتوں کی فوری مرمت اور نگرانی کی جائے۔حکام نے کہا کہ کچے کے رہائشیوں کو فی الحال خطرہ نہیں لیکن فصلیں زیرآب آنے کا امکان ہے۔دوسری جانب محکمہ آبپاشی اور سکھر بیراج کنٹرول روم کی جانب سے دریائے سندھ میں پانی کی صورتحال کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں۔

ملک کے بالائی علاقوں اور انڈس کیچمنٹ میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور تربیلا ڈیم کے سپل ویز کھولنے کے بعد دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق آئندہ چند روز میں گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے سے درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ سکھر بیراج کنٹرول روم کی جانب سے دریائے سندھ پانی کے جاری اعداد و شمار کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1521 فٹ اور آمد 294300 کیوسک جبکہ اخراج 293900 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔کابل ندی سے دریائے سندھ میں پانی کی آمد 43800 کیوسک، کالاباغ بیراج پر پانی کی آمد 339893 کیوسک، اخراج 331909 کیوسک چشمہ بیراج پر پانی کی آمد 318030 کیوسک اخراج 302376 کیوسک تونسہ بیراج پر پانی کی آمد 226718 کیوسک، اخراج 210218 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

منگلا ڈیم پر سطح آب 1180.4 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ منگلا ڈیم پر پانی کی آمد 26895 کیوسک اور اخراج 8000 کیوسک تریمو بیراج پر پانی کی آمد 24561 کیوسک، اخراج 11761 کیوسک ،پنجند کے مقام پر پانی کی آمد 13980 کیوسک اور اخراج 2000 کیوسک ہے۔گڈو بیراج پر پانی کی آمد 173594 کیوسک اور اخراج 135775 کیوسک ،سکھر بیراج پر پانی کی آمد 133654 کیوسک اور اخراج 83034 کیوسک جبکہ کوٹری بیراج پانی کی آمد 48297 کیوسک اور اخراج 6052 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے ۔