سکھر میں ایف بی آر کی جانب سے پکڑی گئی جعلی سگریٹس نذر آتش کرنے کی تقریب

162

سکھر۔ 28 دسمبر (اے پی پی):سکھرمیں ایف بی آر کی جانب سے چار سالوں کے دوران پکڑی گئی کروڑوں روپے مالیت کی جعلی سگریٹس نذرآتش کر دی گئیں ۔

ایف بی آر ریجنل دفتر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق ایف بی آر کے شعبہ آئی آر ای این اسکواڈ کی جانب سے گذشتہ چار سالوں کے دوران سکھر ، لاڑکانہ، جیکب آباد ،شکارپور، کشمور، قمبر شہدادکوٹ، گھوٹکی اور خیرپور اور اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں کارروائیوں کی دوران پکڑی گئی کروڑوں روپے مالیت کہ جعلی سگریٹس کو نذر آتش کردیا گیا۔

اس سلسلے میں ایک تقریب سائیٹ ایریا سکھر میں ہوئی جس میں انکم ٹیکس سکھر کے کمشنر عابد رضا بودلہ اور شعبہ آئی آر ای این سکواڈ کے انچارج ڈی سی محمد یعقوب راجپر و دیگر موجود تھے۔

سگریٹس نذرآتش کرنے کے موقع پر انکم ٹیکس کمشنر عابد رضا بودلہ اور محمد یعقوب راجپر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جلائی جانے والی سگریٹس کی مالیت دس سے بارہ کروڑ روپے کے درمیان ہے یہ جعلی سگریٹس 2019 سے 2023 تک مختلف کارروائیوں کے دوران پکڑے گئے تھے۔