سکھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں جاری

181
جشن عید میلاد النبی ﷺ

سکھر۔ 27 ستمبر (اے پی پی):سکھر میں جشن عید میلاد النبی کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔میلاد مصطفےٰ کمیٹی کے زیر اہتمام میلاد مصطفےٰ چوک گھنٹہ گھر پر 38 واں سالانہ مرکزی جلسہ جشن عید میلاد النبی صبح 9 بجے منعقد ہوگا جس میں مرکزی جلوس کے قائدین مفتی محمد ابراہیم قادری، مفتی محمد عارف سعیدی، مفتی پیر بخش باروی و دیگر علمائے کرام و مذہبی رہنما خطاب کریں گے ۔

اس سلسلے میں میلاد مصطفےٰ کمیٹی کے صدر حاجی محمد یاسین سعیدی ، جنرل سیکرٹری شکیل احمد صدیقی سابق صدر محمد امین قادری فاروق اختر خان، عمران الحق مغل، غلام عباس ٹانوری، زاہد حسین، محمد علی شیخ، مولانا نصیر احمد شیخ، احمد رضا حسینی، محمد دانش، محمد عادل، محمد صابر و دیگر نے مرکزی جلسہ عام کے مقام میلاد مصطفےٰ چوک گھنٹہ گھر کا دورہ کیا اور جلسے کے سٹیج مقام کا تعین کرکے 60 فٹ چوڑے سٹیج کی تیاری شروع کردی ۔

اس موقع پر عہدیداروں اراکین اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے غیاث الدین قادری اور حاجی محمد یاسین سعیدی نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی شان و شوکت سے منانے والے اور مرکزی جلوس کے قائدین و شرکاکا استقبال کرنا غلامان مصطفےٰ عاشقان رسول کی مرکزی استقبالیہ کیمپ پر ان کو خوش آمدید کہنا، درود و سلام پڑھتے ہوئے اور نعت رسول مقبول کے نذرانے پیش کرتے ہوئے شرکائے جلوس کو ویلکم کرنا بھی اپنے لئے سعادت سمجھتے ہیں۔