سکھر۔ 03 فروری (اے پی پی):عام انتخابات 2024 کے لیے سکھر ڈویژن میں انتظامات، امن و امان، مسائل کے حل کے لیے بہتر روابط اور نگرانی، پولنگ سٹیشنوں تک عملے اور سامان کی رسائی، واپسی سمیت دیگر اہم امور کی انجام دہی کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ محکمہ اطلاعات سکھر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق انتخابات کی تیاریون کے سلسلے میں اعلیٰ سطحئ اجلاس کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژن سطح پر انتظامی افسران پر مشتمل کمیٹی اپنے فرائض کی انجام دہی کے ساتھ عام انتخابات سے قبل، انتخابات کے روز اور بعد ازاں تمام امور پر عملی اقدامات کو بروئے کار لائے گی ۔اس موقع پر اجلاس کو ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ سکھر ڈویژن میں مجموعی طور پر 3040256 ووٹرزہیں جس میں 1628951 مرد اور 1411305 خواتین ووٹرز ہیں ۔ اسی طرح خیرپور میں پولنگ اسٹیشن کی تعداد 906، گھوٹکی میں 728 اور سکھر میں 643 ہیں۔
سکھر ڈویژن میں مجموعی طور پر 2277 پولنگ سٹیشن ہیں ، جس میں نارمل 531، حساس 916 پولنگ سٹیشن ہیں جبکہ سکھر ڈویژن کے ضلع خیرپور میں انتہائی حساس پولنگ سٹیشن کی تعداد 373، گھوٹکی میں 291 ، سکھر میں 166 قرار دیے گئے ہیں مجموعی طور پر سکھر ڈویژن میں انتہائی حساس 830 پولنگ سٹیشنز کو قرار دیا گیا ہے ۔
کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی، پرامن انتخابات کا انعقاد، قانون کی بالادستی قائم رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لیے انتظامیہ اور آرمڈ فورسز مشترکہ طورپر نمٹنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی ۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے گی ۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز اور دیگر نے روینیو انتظامات، حفاظتی اقدامات اور امن و امان کو برقرار رکھنے کی حوالے سے تفصیل سے بریفنگ دی ۔ اجلاس میں تمام افسران نے اتفاق کیا کہ تمام بالا امور کے لیے ہم آہنگی، روابط کی مضبوطی اور نگرانی کے ساتھ اپنی پیشہ وارانہ خدمات کی انجام دہی میں شانہ بشانہ فرائض کی ادائیگی کریں گے ۔