سکھ مذہب کے بانی باباگورونانک کے 552ویں جنم دن کی تقریبات گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں جاری،مرکزی تقریب میں وفاقی وزرا پیر نورالحق قادری ، بریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ و دیگر کی شرکت

98
سکھ مذہب کے بانی باباگورونانک کے 552ویں جنم دن کی تقریبات گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں جاری،مرکزی تقریب میں وفاقی وزرا پیر نورالحق قادری ، بریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ و دیگر کی شرکت

لاہور۔19نومبر (اے پی پی):سکھ مذہب کے بانی باباگورونانک کے 552ویں جنم دن کی تقریبات گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں جاری ہیں،

جمعہ کو منعقدہ مرکزی تقریب میں وفاقی وزیر براے مذہبی امور پیر نورالحق قادری ، انسداد منشیات کے وفاقی وزیربریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ،چیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے عہدیداران سمیت دنیا بھر سے سکھ رہنمائوں نے شرکت کی،

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کیا اور کہا کہ دنیا بھرسے آنے والے سکھ یاتریوں کو ہر ممکن بہترین سہولیات فراہم کی گئیں،اس دوران اگر کسی سکھ یاتری کو کوئی تکلیف ہوئی تو اس پر معذرت خواہ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بابا گرونانک کے جنم دن کے موقع پر تمام سکھ برادری کو مبارکباد دیتا ہوں، انہوں نے کہا کہ باباگورونانک نے امن اور بھائی چارے،بھلائی اور نیکی کا پیغام دیا جس کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے جبکہ اس پیغام سے ہمیں دوریوں اور فاصلوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے،

نورالحق قادری نے کہا کہ بابا گورونانک یونیورسٹی بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ اور فاصلوں کو ختم کرنے میں مدد دے گی ،انہوں نے کہا کہ پاکستان سکھوں سمیت اقلتوں کیلئے محبتوں کا ملک ہے اس جس طرح وہ اس دھرتی سے محبت کرتے ہیں اسی طرح ریاست ،قوم بھی ان سے اسی طرح محبت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جس طرح سکھ یاتریوں کیلئے انتظامات کیے ہیں ان سے پتا چلتا ہے ،پاکستان کاقانون تمام مذاہب کیلئے اپنائیت رکھتا ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کا احترام کیا جاتا ہے جبکہ یہاں تمام اقلیتیں مکمل محفوظ ہیں اور ملک میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کرتار پور منصوبہ9 ماہ کی قلیل مدت میں پورا کیا ،

وزیر اعظم کے اس فیصلے نے دنیا بھر کی سکھ برادری کے دل جیت لیے ،انہوں نے کہا کہ ائیر کنڈیشنڈ اور سیون سٹار ہوٹلز میں مذہبی آزادیوں اور ہم آہنگی کی بات کرنا آسان ہے لیکن جب پاکستان اور بھارت کا معاملہ آتا ہے ،دونوں ممالک کے مابین ٹینشن کے باوجود ایک ملک دوسرے ملک کو کہتا ہے کہ وہ سکھ مذہب کے پیروکاروں کیلئے بارڈر کوکھولنا چاہتا ہے کہ لوگ ویزے کی پابندی کے بغیر یہاں آئیں اور اپنی مذہبی رسومات ادا کرکے واپس جائیں یہ کام عملی طور پر پاکستان نے کرکے دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مندر کا واقعہ ہوا تو پاکستان کے ہر طبقہ نے اس کے خلاف آواز اٹھائی پارلیمنٹ ،عدلیہ ،میڈیااور تمام مذہب ،حکومت نے آواز اٹھائی، انہوں نے کہا کہ یہ کیسے تعصب اور تنگ نظری کی بات ہے کہ امریکا نے ایک بار پھر پا کستان کوان ممالک میں ڈالا ہے جہاں مذہب کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے تاہم اس کے برعکس پاکستان نے ہمیشہ اقلیتوں کے ہر مذہب خواہ سکھ ہو،ہندو،عیسائی،کیلاشی،پارسی ہو یا بہائی جتنے بھی مذہب ہیں ان کے لئے فراخ دلی دکھائی ،

اس کے باوجود پاکستان کو ان ممالک میں ڈالا جاتا ہے جہاں مذہب کے حوالے سے تشویش ہو،یہ سمجھ سے بالا تر ہے ،انہوں نے کہا کہ بھارت میں جس طرح ایک سال سے سکھوں کے جائز مطالبات کو ریاست کی طاقت سے دبانے کو کوشش کی گئی اور جو وہاں مسلمانوں کے ساتھ ہورہا ہے جومسیحیوں کے ساتھ ہورہا ہے وہ کسی کو نظر نہیں آرہا یہ ایک امتیاز ی سلوک ہے ،

انہوں نے کہا کہ ہم ہر فورم پر دلیل کے ساتھ ثابت کریں گے کہ پاکستان میں آئین اور قائد اعظم کے فرمان کے مطابق اقلیتوں کو تمام حقوق دئیے جارہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔اس موقع پر وفاقی وزیربریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ نے پاکستان سمیت بیرون ممالک سے آئے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں بابا گرو نانک کے جنم دن پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت کے تین سالہ دور میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں جس طرح ایک سال ایک سال کے اندر کرتارپور منصوبہ مکمل کیا گیا وہ دریائوں کے منہ موڑنے کے مترادف ہے ،

انہوں نے کہا کہ یہ کریڈٹ بھی تحریک انصاف کی حکومت کو جاتا ہے بابا گرونانک کی آخری آرام گاہ کی نہ صرف تعزین وآرائش کی گئی بلکہ کرتار پور راہداری کے اہم منصوبے کوعملی جامہ پہنایا گیا،انہوں نے کہا کہ میں بھی اسی دھرتی پر پیداہوا جہاں بابا گرونانک کا جنم ہوا انہوں نے کہا کہ میں نے یونیورسٹی ،کالج کے قیام ،

ننکانہ کو ضلع کا درجہ دلانے سمیت جتنی خدمت ننکانہ کیلئے کی وہ کسی پر احسان نہیں آئندہ بھی یہ خدمت کرتا رہوں گا۔اس موقع پر وفاقی وزرا نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے سکھ برادری کو بابا گورونانک کے جنم دن کی مبارکباد دی،تقریب سے سکھ رہنمائوں نے بھی خطاب کیا،

سکھ برادری کی طرف سے اپنے روحانی پیشوا کے جنم دن کی خوشی میں نگر کیرتن کا جلوس بھی نکالا گیا جس میں دنیا بھر اور اندرون ملک سے ہزاروں سکھ یاتریوں نے اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے ہوے شرکت کی ،جلوس ننکانہ شہر میں واقع ساتوں گوردواروں کی یاترا کے بعد شام واپس گوردوارہ جنم استھان پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا