اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اپنی نئی قائم کردہ اسلامی کیپیٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی (آئی سی ایم ڈی سی) کا افتتاحی اجلاس منعقد کیا جس کا مقصد پاکستان کی اسلامی کیپیٹل مارکیٹوں کی ترقی، جدت اور لچک کو فروغ دینا تھا ۔
ایس ای سی پی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آئی بی اے کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ارم صبا کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں صنعت کے ماہرین، مارکیٹ کے سٹیک ہولڈرز، شریعت کے علماء اور مالیاتی اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔کمیٹی کے ممبران کا خیرمقدم کرتے ہوئے کمشنر ایس ای سی پی مجتبیٰ احمد لودھی نے حالیہ آئینی ترامیم کی روشنی میں ایک متحرک، جامع اور لچکدار اسلامی مالیاتی منظرنامہ بنانے کے لیے کمیشن کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے شرکا کو یقین دلایا کہ ایس ای سی پی متعلقہ فریقین کے ساتھ شراکت میں بین الاقوامی معیارات اور قومی اقدار کے مطابق ایک فریم ورک بنانے کی طرف توجہ مرکوز کرے گا۔
کمیٹی کے اراکین نے ایک مضبوط اور جامع اسلامی مالیاتی شعبہ تیار کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا جو پاکستان میں اقتصادی ترقی، استحکام اور مالی شمولیت میں معاون ثابت ہو گا۔ ان اہداف کے حصول کے لیے ایس ای سی پی صنعت کے ماہرین اور سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون بہت اہم ہے۔ اجلاس کے دوران کمیٹی نے بین الاقوامی ریگولیٹری اداروں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جس سے اسلامی فنانس میں عالمی بہترین طریقوں کو اپنانے کے لیے ایس ای سی پی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔