اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کی قائم کردہ الیکشن سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ، نگران وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے کہا ہے کہ نگران حکومت اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو مکمل معاونت فراہم کرے گی اورسکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات لئے جائیں گے۔
وہ منگل کو الیکشن کیلئے وزارت داخلہ کے تحت قائم کنٹرول روم کے دورہ کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر سیکریٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی بھی موجود تھے۔کوآرڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان کی جانب سے کنٹرول روم سے متعلق وفاقی وزیر مواصلات کو تفصیلی بریفنگ دی۔نگران وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ اس کنٹرول روم کے ذریعے ملک میں انتخابات کے دوران سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کی جائےگی۔
انہوں نےکہا کہ آئین کے تحت ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کی بنیادی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے۔کنٹرول کا قیام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے تاکہ امن وامان کی صورتحال کی ہمہ وقت نگرانی کی جائے، تمام سٹیک ہولڈرز سے براہ راست رابطہ قائم رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں بھر پور جوابی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نےکہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر تمام صوبوں کا دورہ کیا جائے گا تاکہ مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور اس ضمن انتظامات کو حتمی شکل دی جائے