راولپنڈی۔5جون (اے پی پی):سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع بنوں کے علاقہ جانی خیل اور ضلع شمالی وزیرستان کے علاقہ حسن خیل میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) میں 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یہاں موصولہ میڈیا ریلیز میں بتایا ہے کہ یہ دہشت گرد شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران مارے گئے ان میں سے5 دہشت گرد جانی خیل اور 2 دہشت گرد ضلع شمالی وزیرستان کے علاقہ حسن خیل میں مارے گئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔
مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے ۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشنز کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔