لاہور۔27اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے خوارج کی دراندازی کی کوشش نا کام بنا دی،آپریشن کے دوران 54 خوارج ہلاک کردیئے گئے ، ملک دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے ،بیرونی آقائوں نے خوارج کودہشت گردی کیلئے پاکستان بھیجا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے لیے بڑا دن ہے، سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیر ستان کے علاقے میں افغانستان سے خوارج کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش نام بنا دی اور کامیاب آپریشن کر کے 54 خوارج ہلاک کر دئیے ۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کو اس حملے کی بروقت اطلاع مل گئی تھی جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے اپنی بہتر حکمت عملی کے تحت انہیں تین اطراف سے گھیر کر خوارجیوں کو ہلاک کیا، یہ اب تک جہنم رسید ہونے والے خوارجیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے پاس یہ معلومات کچھ دن سے تھیں کہ ان کے بیرونی آقا ان پر زور ڈال رہے تھے کہ یہ جلدازجلد پاکستان میں گھس کر کوئی دہشت گردانہ سرگرمی انجام دیں، انہی معلومات کی بنیاد پر سرحدوں پر نگرانی اور چیکنگ سخت کردی گئی تھی اور اسی دوران ان خوارجیوں کی نشاندہی ہوگئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ بھارت جو بھی قدم اٹھارہا ہے وہ کہیں نہ کہیں پکڑا جارہا ہے، فتنہ خوارج پر بھی وہیں(بھارت )سے زور ڈالا جارہا تھا کہ پاکستان میں داخل ہوکر دہشت گردی کریں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے جو تصاویر شیئر کی ہیں ان میں ان 54 دہشت گردوں کی لاشیں پڑی ہوئی دیکھی جاسکتی ہیں اور یہ دنیا کے لیے بہت بڑا ثبوت ہے کہ کوئی تو ان دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہا ہے، ان کا کوئی تو مقصد ہے اور آج اس واقعے کے بعد ہم اور زیادہ پریقین ہوگئے ہیں پاکستان کو کس کی وجہ سے نقصان پہنچ رہا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ اس آپریشن کے لیے پاکستان کی تمام سکیورٹی فورسز کریڈٹ کی حقدار ہیں، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اس پر بات ہوئی تھی کہ ہماری کامیابیوں کو کس طرح ڈی ریل کرنے اور مغربی سرحد سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ان لوگوں ( دہشت گردوں)کو ری گروپنگ کی مہلت مل سکے اور یہ دوبارہ سے مضبوط ہوکر ہم پر حملہ آور ہوسکیں۔محسن نقوی نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصے سے ان (دہشت گردوں ) کے پائوں مسلسل اکھڑ رہے ہیں، پچھلے دو ہفتوں میں مارے جانے اور گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ آئندہ بھی دہشت گرد کہیں سے بھی آنے اور دہشت گردی کرنے کی کوشش کریں گے تو ان کو اسی طرح پکڑا اور مارا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج ہر لمحہ چوکس ہیں اور نظر رکھے ہوئے ہیں اور اگر پھر کوئی کوشش ہوئی تو بھارت کو پتا چلے گا کہ کیسے جواب دیا جاتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے منفی ہتھکنڈوں سے متعلق عالمی برادری کو آگاہ کر رہے ہیں ،سب کو پتہ ہے کہ دہشت گردوں کو فنڈنگ کون کر رہا ہے، مختلف شہروں سے اب تک 8دیسی ساختہ بارودی سرنگیں پکڑی گئی ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ خانی کی تو اس کو بھر پور جواب دیا جائے گا ،اس حوالے سے حکومت ،پاک افواج اور پوری پاکستانی قوم ایک پیج پر ہیں، پاکستان کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کی شفاف انکوائری اگر کوئی نیوٹرل ادارہ کرتا ہے تو پاکستانی حکومت اس کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کو تیار ہے ،ہمیں بھارت پر بالکل کوئی اعتبار نہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہلاک شدہ خوارجیوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے ، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ جنگ کرنے کیلئے پوری تیاری کے ساتھ آ رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جو بھی پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے اس کیلئے کوئی معافی نہیں، نہ پاکستان کے آ ئین اور نہ اسلام میں اس کیلئے معافی کی کوئی گنجائش ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588554