راولپنڈی۔6اپریل (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے 5/6 اپریل کی درمیانی شب پاک-افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان کے عمومی علاقہ حسن خیل میں خوارج کے ایک گروپ کی سرحد پار دراندازی اور حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 8 خوارج کو جہنم واصل اور 4 کو زخمی کر دیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اطلاع ملتے ہی ہمارے فوجی دستوں نے مؤثر طریقے سے انہیں روکا اور حملے کو ناکام بنایا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 8 خوارج جہنم واصل کر دیئے گئے، جبکہ چار خوارج زخمی ہوئے۔ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کرتا آ رہا ہے کہ وہ سرحدی انتظام کو مؤثر بنائے۔ افغان عبوری حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور اپنی سرزمین کو خوارج کے لیے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکے گی۔
علاقے میں کسی بھی دوسرے خوارج کے خاتمہ کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے کیونکہ پاکستان کی سیکورٹی فورس ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578899