سکیورٹی فورسز نے دہشت گرد تنظیموں کی آپریشنل صلاحیتوں کو کامیابی کے ساتھ ختم کر دیا ہے، ملک کا امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن اور بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

158
ISPR
ISPR

راولپنڈی۔13جنوری (اے پی پی):بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیرنے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نےسرحدوں کے اندر اور اس سے باہر دہشت گرد تنظیموں کی آپریشنل صلاحیتوں کو کامیابی کے ساتھ ختم کر دیا ہے، ملک کے امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن اور بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔ پیر کو آ ئی ایس پی آر سے جاری کردہ بیان کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور فتنہ الخوارج کو نشانہ بنانے کے لیے جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی شرکت کی۔اپنے دورے کے دوران آرمی چیف نے پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر متزلزل عزم اور بے مثال قربانیوں کی تعریف کی جو دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور ان کے مذموم ایجنڈے کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم برائی کی قوتوں کے خلاف متحد ہیں، مجھے اپنی سکیورٹی فورسز کی شاندار کامیابیوں پر بے حد فخر ہے، ان کی لگن، حوصلے اور عظیم قربانیوں کے ذریعے ہم نے اپنی سرحدوں کے اندر اور اس سے باہر دہشت گرد تنظیموں کی آپریشنل صلاحیتوں کو کامیابی کے ساتھ ختم کر دیا ہے، ہماری افواج نے انتھک محنت سے دہشت گردوں کے اہم سرغنوں کا تعاقب کیا ہے اور انہیں ختم کیا ہے، ان کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کیا ہے اور ان کے سیلوں کو بے اثر کیا ہے جس سے یہ واضح پیغام گیا ہے کہ دہشت گردی کی ہماری سرزمین میں کوئی جگہ نہیں ہے، یہ جنگ جاری ہے اور ہم اسے اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

بری فوج کے سربراہ نے شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے، متعدد حملوں کو ناکام بنانے اور امن و امان کو برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہر آپریشن سکیورٹی فورسز کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے جو دہشت گردوں کی طرف سے لاحق خطرات کو ناکام بنانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ملک کے امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن اور بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا، دشمن اختلاف اور خوف کے بیج بونے کی کوشش کر سکتا ہے، لیکن ہم باز نہیں آئیں گے، دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، وہ بھاری نقصان اٹھاتے رہیں گے اور نقصان پہنچانے کی ان کی صلاحیت ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے فوجیوں کے غیر معمولی حوصلے کی بھی تعریف کی جو ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ناقابل تسخیر فورس کے طور پر کھڑے ہیں جو مادر وطن اور اس کے لوگوں کے تحفظ کے لیے اپنے مشن میں پر عزم ہیں۔ آرمی چیف نے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے خیبرپختونخوا کے سیاستدانوں سے الگ الگ بات چیت کی۔

شرکاء نے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف ایک سیاسی آواز اور عوامی حمایت کی ضرورت پر اتفاق رائے کیا۔ سیاسی نمائندوں نے دہشت گردی کے خلاف قوم کی جنگ میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر متزلزل حمایت پر واضح موقف اختیار کیا اور دہشت گرد گروپوں کے انتہا پسندانہ فلسفے کے خلاف سیاسی تفریق سے بالاتر ہو کر ایک متحد محاذ کی ضرورت پر اتفاق کیا ۔آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔