راولپنڈی۔2ستمبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملہ ناکام بناتے ہوئے ہندوستانی پراکسی فتنہ الخوارج کے 5 خوارج کو ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایف سی اور پاک فوج کےچھ بہادر جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔منگل کوآئی ایس پی آرسے جاری کردہ بیان کے مطابق 2 ستمبر 2025ء کی صبح سویرے ایک بزدلانہ دہشت گردانہ حملے میں ہندوستانی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج نے ضلع بنوں میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا۔ ہندوستانی حمایت یافتہ خارجیوں نے حفاظتی حصار کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی تاہم ان کے مذموم عزائم کو جوانوں کے چوکس اور پرعزم ردعمل سے ناکام بنا دیا گیا۔ مایوسی کے عالم میں خارجیوں نے بارود سے بھری گاڑی کو حفاظتی دیوار سے ٹکرا دیا۔
خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار جزوی طور پر گر گئی اور ملحقہ شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا جس سے تین معصوم شہری زخمی ہوئے۔غیر متزلزل جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاک فوج کے جوانوں نے خوارج کو درستگی کے ساتھ مشغول کیا اور ہندوستانی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے پانچوں خوارج کو ختم کر دیا تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے میں فیڈرل کانسٹیبلری اور پاک فوج سے تعلق رکھنے والے چھ بہادر جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے فرائض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کیا۔علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا اور اس گھنائونے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان کی سکورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ ملک سے ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کے اپنے عزم میں ثابت قدم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی ایسی قربانیاں ہر قیمت پر ہماری قوم کی حفاظت کے ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔