راولپنڈی ۔ 09مارچ (اے پی پی) سکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بنا دیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمان شہید ہوگئے اور دو دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کے بارے میں مصدقہ معلومات پر سکیورٹی فورسز نے ٹانک ، ڈی آئی خان کے قریب دہشت گردوںکی خفیہ پناہ گاہ کو جیسے ہی گھیرے میں لیا ، دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔ آپریشن کے دوران دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں کرنل مجیب الرحمن شہید ہوگئے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد ہوا۔ کرنل مجیب الرحمن شہید کا تعلق استور کے علاقے بونجی سے تھا۔ شہید کرنل مجیب الرحمان کے پسماندگان میں بیوہ ، تین بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔