راولپنڈی۔24جون (اے پی پی):سکیورٹی فورسز کے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کے دوران 11 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے جبکہ پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے ۔آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر دہشت گرد تنظیم فتنہ الخوارج کے خلاف ایک موثر آپریشن کیا۔ یہ خوارج بھارتی سرپرستی میں ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 11 بھارتی حمایت یافتہ خوارج واصل جہنم ہوئے جبکہ 7 زخمی ہوئے۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ضلع چکوال کے رہائشی پاک فوج کے بہادر افسر 37 سالہ میجر سید معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ عمر 27 سال، ضلع بنوں جام شہادت نوش کر گئے۔میجر معیز عباس شہیدکی جرات اور قیادت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے متعدد آپریشنز میں خوارج کے خلاف دلیرانہ کردار ادا کیا۔
علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز بھارتی پشت پناہی سے جاری دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں کیونکہ ہمارے شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔