سکیورٹی فورسز کا دتہ خیل میں دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہ پر آپریشن ، 7دہشت گرد مارے گئے ، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے افسر سمیت 4جوان شہید، ایک جوان زخمی ہوگیا۔ آئی ایس پی آر

121

راولپنڈی ۔ 18 مارچ (اے پی پی) سکیورٹی فورسز کے دتہ خیل ضلع شمالی وزیرستان کے قریب دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہ پر آپریشن کے دوران 7دہشت گرد مارے گئے ، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے افسر سمیت 4جوان شہید اور ایک جوان زخمی ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقہ دتہ خیل کے قریب دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہ سے متعلق مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے دتہ خیل سے 7کلومیٹر دور ماما زیارت پر دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہ پر انفارمیشن بیسڈ آپریشن(آئی بی او) کے دوران محاصرہ قائم کیا تو پناہ گاہ میں چھپے ہوئے دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 7دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک افسر سمیت 4سکیورٹی اہلکار شہید اور ایک جوان زخمی ہوگیا ۔سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہ سے بھاری مقدار میں اسحلہ ،دھماکہ خیز مواد ،بارودی سرنگیں برآمد کیں۔ شہید ہونے والوں میں پاک فوج کے لاہور سے تعلق رکھنے والے 26سالہ لیفٹیننٹ آغا مقدس علی خان ، لیہ سے تعلق رکھنے والے 36سالہ لانس حوالدار قمر ندیم ، لیہ کے رہائشی 24سالہ سپاہی محمد قاسم اور نارووال کے رہائشی 23سالہ سپاہی توصیف شامل ہیں ۔ لانس حوالدر کی ان کی بیوہ کے علاوہ دو بچے اور ایک بچی ہے۔