سکیورٹی فورسز کا لکی مروت اور سوات کے علاقوں میں آپریشن ، فائرنگ کے تبادلہ میں 3 دہشت گرد مارے گئے

52
ispr
ispr

راولپنڈی۔23ستمبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے لکی مروت اور سوات کے علاقوں میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلہ میں تین دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 22 اور 23 ستمبر کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے لکی مروت کے علاقہ شیخ بدین پہاڑی پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضہ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔

ایک دوسری کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے 22 اور 23 ستمبر کی درمیانی شب سوات کے علاقہ چارباغ میں دہشت گردوں کی موجودگی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلہ میں ایک دہشت گرد مارا گیا جس کے قبضہ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں براہ راست ملوث تھا۔