سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی ، بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 2 دہشت گردہلاک

68
ISPR

راولپنڈی۔6جون (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے کول پور میں انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے2دہشت گردوں کوہلاک کردیا۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے کول پور میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیاجس میں ہندوستانی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔

آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر طریقے سے محاصرہ کیا جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 ہندوستانی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔فتنہ الہندوستان کے مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہواجو علاقے میں بھارتی سرپرستی میں متعدددہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

علاقے میں کسی بھی دوسرے دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے،پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کی تصدیق کرتی ہیں۔