راولپنڈی۔3جون (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان میں ضلع کچھی کے علاقہ مچھ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی ۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر طریقے سے گھیرائو کیا اورشدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد5 ہندوستانی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ضلع قلات کے علاقے مارگنڈ میں کئے گئے ایک اور انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی میں فتنہ الہندوستان دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگا کر 2دہشت گردوں کو کامیابی کے ساتھ ہلاک کر دیا گیا۔مارے گئے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا،جو متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے۔
پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مرتکب افراد اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں