راولپنڈی ۔13دسمبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پانچ یوم کے دوران دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں 43 دہشت گرد مارے گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 9 دسمبر 2024 سے خیبرپختونخوا (کے پی) اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں کے دوران 43 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے، جس سے بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد گروہوں کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔
12 اور 13 دسمبر کی درمیانی رات کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع لکی مروت میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 6خوارج ہلاک ہو گئے۔ 9 دسمبر 2024 سے اب تک کے پی میں 18 خوارج کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔بلوچستان میں، 13 دسمبر کو موسٰی خیل اور پنجگور کے اضلاع میں دو علیحدہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ 9 دسمبر سے اب تک بلوچستان میں 25 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ آپریشنز اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک علاقے میں مکمل امن بحال نہیں ہو جاتا اور خوارج کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔