راولپنڈی۔26ستمبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 25/26 ستمبر کی رات سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں آٹھ خوارج جہنم واصل ہوئے۔ مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔
علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ وہاں پائے جانے والے کسی اور دہشتگرد کو ختم کیا جا سکے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔