سکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں قومی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم اورپاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانا اولین ترجیح ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری کی پی او ایف واہ کے دورہ کے موقع پر گفتگو

19

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے موجودہ اور آئندہ سکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں قومی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانا اولین ترجیح ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو پی او ایف واہ کے دورہ کے موقع پر کیا۔

صدر مملکت کی آمد پر چیئرمین پی او ایف واہ لیفٹیننٹ جنرل سید طاہر حمید شاہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج اور سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد چراغ حیدر بھی موجود تھے۔ چیئرمین پی او ایف نے صدر مملکت کو پی او ایف واہ کے مختلف پیداواری یونٹس کے بارے میں بریفنگ دی۔ صدر مملکت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی او ایف واہ ملک کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

بریفنگ میں پی او ایف کی فنی صلاحیتوں اور دفاعی پیداوار میں ادارے کی کوششوں کو اجاگر کیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے فیکٹریز کے مختلف پیداواری یونٹس کا بھی دورہ کیا۔ صدر مملکت نے فیکٹریز کے عملے کی فنی مہارت، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے ملکی دفاع کو مضبوط بنانے میں پی او ایف کے موثر کردار کی تعریف کی۔