اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے یقین دلایا ہے کہ جعفر ایکسپریس کے واقعے کے بعد بلوچستان میں ریلوے خدمات سکیورٹی پروٹوکول کے ساتھ فوری طور پر دوبارہ شروع ہو جائیں گی ، مسافروں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ٹریک اور بوگیوں کو پہنچنے والے نقصانات کو مکمل طور پر بحال کیا جا رہا ہے۔
اپنے ایک انٹرویو میں وزیر مملکت ریلوے نے واضح طور پر کہا کہ سکیورٹی خطرات کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان خطرات کو کم کرنے کے بعد ہی ریلوے سروسز دوبارہ شروع ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی اقدامات کے بعد سروسز دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔ وزیر مملکت ریلوے نے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہریوں کی حفاظت اور تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوام کی بھلائی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا ئے گی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت ٹرینوں کے ذریعے سفر کرنے والے تمام شہریوں کے لیے ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔وزیر مملکت برائے ریلوے نے زور دے کر کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کے خاتمے تک غیر متزلزل عزم کے ساتھ دہشتگردی خلاف جنگ جاری رہے گی۔
انہوں نے قومی اتحاد کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ملک کی طاقت کسی بھی خطرے یا چیلنج کے خلاف متحد ہو کر ایک ساتھ کھڑے ہونے کی صلاحیت میں ہی مضمر ہے اور یہ اتحاد مشکلات پر قابو پانے اور روشن مستقبل کے حصول کی کلید ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575421