اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ کے تحت تعمیر کئے جانے والے سکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ دسمبر2022ءمیں تکمیل کے بعد یہ منصوبہ ملک میں بجلی کی قلت میں بھی 20 فیصد کمی لائے گا۔ سی پےک اتھارٹی کے حکام کے مطابق منصوبہ پر کام کرنے والے پاکستانی اور چینی ورکرز کی تعداد 4ہزار سے تجاوز کرگئی جو 24گھنٹے مصروف عمل ہیں۔ آئندہ سال تعمیراتی سرگرمیوں کے عروج پر منصوبہ پر کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں کی تعداد 6ہزار سے بڑھ جائیگی جس سے روزگار کی فراہمی میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے گا۔ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی وادی کاغان میں کنہار دریا پر تعمیر کئے جانے والا نجی شعبہ کا بڑا منصوبہ دسمبر 2022ءتک مکمل کر لیا جائیگا جس سے 870 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی۔ منصوبہ پر چین کا ژیگوبا گروپ 1.962ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔