23.9 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 10, 2025
ہومقومی خبریںسگریٹ نوشی کے خاتمہ کیلئے ہم سب کو مل کر سنجیدہ اقدامات...

سگریٹ نوشی کے خاتمہ کیلئے ہم سب کو مل کر سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ، سید یوسف رضا گیلانی

- Advertisement -

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ سگریٹ نوشی کے خاتمے کے لئے ہم سب کو مل کر سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسدادتمباکو نوشی کے لئے کام کرنے والی تنظیم کرومیٹک کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر انہوں نے انسداد تمباکو مہم کے سلسلے میں غیر سرکاری تنظیم کرومیٹک کی طرف سے منعقدہ انسداد تمباکو پوسٹ کارڈ سیزن 4 مقابلوں میں جیتنے والے نوجوانوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ کرومیٹک پوسٹ کارڈ سیزن 4 میں ملک بھر سے 15 سو سے زائد نوجوانوں نے حصہ لیا۔ کرومیٹک پوسٹ کارڈ سیزن 4 میں راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی طالبہ عفت زہرہ نے پہلی، حیدر آباد سے تعلق رکھنے والی طالبہ مریم رفیق نے دوسری جبکہ بہاولپور سے تعلق رکھنے والے نوجوان عادل نیازی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کرومیٹک پوسٹ کارڈ سیزن 4 جتنے والے نوجوانوں کو بالترتیب 50 ہزار، 30 ہزار اور 20 ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی اسناد دی گئیں۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نوجوان نسل کا تمباکو نوشی میں مبتلا ہونا تشویشناک ہے، کرومیٹک کی طرف سے انسداد تمباکو نوشی پوسٹ کارڈ مقابلوں کا انعقاد خوش آئند ہے، ایسی سرگرمیاں نوجوانوں میں تمباکو نوشی کے رحجان کو کم کرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔

- Advertisement -

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ حکومت کو تمباکو نوشی کے خاتمے کےحوالے سے پالیسیوں پر از سر نو غور کرنے کی ضرورت ہے۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ بچوں کے لئے دودھ سے لے کر دیگر بنیادی ضروریات کی اشیاء پر ٹیکسز میں اضافہ جبکہ حالیہ بجٹ میں سگریٹ پر کسی نئے ٹیکس کا نفاذ نہ کیا جانا افسوسناک ہے۔ اس موقع پر ممبر پنجاب اسمبلی آمنہ حسن شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں روزانہ 1200سے زائد بچوں کا سگریٹ نوشی شروع کرنا تشویشناک ہے، سکول، کالجز اور یونیورسٹیز کے بچے روایتی سگریٹ کے علاوہ ماڈرن ٹوبیکو پراڈکٹس کی لت میں بری طرح مبتلا ہو رہے ہیں۔

آمنہ حسن شیخ نے کہا کہ تمباکو نوشی پر قابو پانے کے لئے ایک جامع اور موثر حکمت عملی پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر کرومیٹک کے سی ای او شارق خان نے تمباکو نوشی کے خاتمہ کے لئے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کرنے پر چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کا شکریہ ادا کیا۔ شارق خان نے چیئرمین سینٹ سے درخواست کی کہ وہ پاکستان سے تمباکو نوشی کے خاتمے کے لئے سگریٹ کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ، گرافک ہیلتھ وارننگ سمیت دیگر قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار کریں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=481372

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں