کولمبو۔20نومبر (اے پی پی):سری لنکا میں پریمیئر لیگ کھیلنے کے لئے جانے والے پاکستان کے فاسٹ بولر سہیل تنویر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ۔ ایک رپورٹ کے مطابق سہیل تنویر کا سری لنکا پہنچنے پر ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آگیا۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سہیل تنویر نے کہا کہ کولمبو کے لئے روانگی کے وقت پاکستان میں 17 اور 18 نومبر کو کرائے گئے کوویڈ ٹیسٹ منفی آئے تھے تاہم سری لنکا پہنچنے پر 19 نومبر کو دوبارہ ٹیسٹ ہوا جو مثبت آگیا۔ مداحوں سے دعائوں کی درخواست ہے۔ سہیل تنویر نے مزید کہا کہ کورونا مثبت آنے پر حیرانی ہوئی کیوں کہ میرا دو بار ٹیسٹ منفی آچکا ہے اور مجھ میں ابھی تک کوئی علامت بھی ظاہر نہیں ہوئی ہے تاہم ٹیم انتظامیہ کی ہدایت پر ایک ہفتے کے لئے خود کو قرنطینہ کر رہا ہوں۔ سہیل تنویر نے اس امید کا اظہار کیا کہ اگلی بار ٹیسٹ منفی آئے گا۔ سری لنکا میں ہونے والے پریمیئرلیگ میں ہماری ٹیم کا میچ 26 نومبر کو ہے اور تب تک وائرس کو شکست دے دوں گا اس لئے زیادہ پریشانی کی بات نہیں۔ جمعہ کو ہی کینیڈین بلے باز رویندرپال سنگھ کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا اور انہوں نے اپنے آپ کو الگ تھلگ کرلیا۔ سہیل تنویر کو وہاب ریاض کی جگہ لنکا پریمیئر لیگ میں ٹسکرز کے لئے شامل کیا گیا تھا۔ سہیل تنویر پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں۔