سہ فریقی ویمنز اے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان فائنل میچ بدھ کو ہوگا

181
West Indies

لاہور۔7نومبر (اے پی پی):پاکستان ویمنز اے اور ویسٹ انڈیز ویمنز کی ٹیمیں (کل) بدھ کے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں سہ فریقی ویمنز ٹی ٹونٹی سیریز کے فائنل میں مدمقابل ہونگی ۔ پاکستان ویمنز اے نے لیگ میں اپنے دونوں میچ جیتے ہیں ،

پاکستان نے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمنز اے کو 12 رنز سے اور دوسرے میچ میں تھائی لینڈ ایمرجنگ کو 28 رنز سے شکست دی جبکہ ویسٹ انڈیز ویمنز اے نے تھائی لینڈ ایمرجنگ کے خلاف 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستانی اوپنر شوال ذوالفقار 67 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر سرفہرست رہے، انہوں نے دس چوکوں کی مدد سے یہ اننگز تھائی لینڈ ایمرجنگ کے خلاف کھیلی تھی۔ سدرہ نواز بھی ویسٹ انڈیز ویمنز اے کے خلاف ناقابل شکست نصف سنچری سکور کرچکی ہیں۔ویسٹ انڈین آف سپنر شینیلا گریمنڈ دو میچوں میں 4.33کی اوسط سے تین وکٹیں حاصل کرچکی ہیں جبکہ فاسٹ بائولرز قیانا جوزف ، جینیلیا گلاسگو اور جازارا کلیکسٹن نے بھی تین تین وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔پاکستانی ٹیم کی کپتان رامین شمیم، عمیمہ سہیل اور حمنہ بلال نے بھی دو میچوں میں تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان ویمنز اے کی کپتان رامین شمیم نے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دو میچوں کی جیت کے بعد جو مومینٹم بنا ہے اسے برقرار رکھنا چاہتے ہیں، تمام کھلاڑی موجودہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے فائنل بھی جیتنے کے لیے بہت زیادہ پر امید ہیں۔ویسٹ انڈیز ویمنز اے کی کپتان راشادا ولیمز نے کہا کہ اگرچہ ان کی ٹیم پہلے میچ میں پاکستان سے ہاری ہے لیکن وہ میچ بہت سخت رہا تھا اور انہیں امید ہے کہ اس مرتبہ وہ نتیجہ بدل دیں گی۔تھائی لینڈ کے خلاف جیت کے بعد وہ جیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ٹرافی جیتنا چاہتی ہیں۔اس سہ فریقی سیریز کے بعد پاکستان ویمنز اے ٹیم تھائی لینڈ ایمرجنگ کے خلاف دس اور گیارہ نومبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔