سہ ملکی ون ڈے سیریز، ویسٹ انڈیز نے آئرلینڈ کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا

81

ڈبلن ۔ 11 مئی (اے پی پی)سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں سنیل ایمبرس کی شاندار سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے آئرلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی، کالی آندھی نے 328 رنز کا ہدف 48ویں اوور میں 5 وکٹوں پر حاصل کیا، کالی آندھی نے بڑا ہدف حاصل کر کے نیا ملکی ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے، سنیل ایمبرس نے ڈٹ کر حریف باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور 148 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، بلبرائن کی سنچری، سٹرلنگ اور کیون اوبرائن کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں، ایمبرس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہفتہ کو ڈبلن میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں آئرش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 327 رنز بنائے، اینڈی بلبرائن نے 135 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، سٹرلنگ 77اور کیون اوبرائن 63 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، شینن گبرائل نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں کالی آندھی نے مطلوبہ ہدف 47.5 اوورز میں 5 وکٹوں پر پورا کیا، سنیل ایمبرس نے ڈٹ کر آئرش باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور 148 رنز کی اننگز کھیل کر آئرلینڈ کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، شائی ہوپ 30، روسٹن چیس 46، کپتان جیسن ہولڈر 36 رنز بنا سکے، جوناتھن کارٹر نے 43 ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلائی، بائیڈ رینکن نے 3 وکٹیں لیں۔