سیاحتی مقامات تک رسائی کیلئے سڑکوں کا تعمیراتی کام جلد مکمل کیا جائے گا، نگراں صوبائی وزیر اطلاعات وسیاحت

234
Condolences on the passing away

بالاکوٹ۔ 14 ستمبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر برائے اطلاعات و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل نے کہا ہے کہ سیاحتی مقامات تک رسائی کیلئے سڑکوں کا تعمیراتی کام مکمل کیا جائے گا۔ جمعرات کو یہاں ناران کے دورہ کے موقع پرانہوں نے سیاحوں سے ملاقاتیں کیں اوران کے مسائل دریافت کئے۔اس موقع پر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر ایمل زمان خان، ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی طارق خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر شیراز، ڈپٹی ڈائریکٹر امین الحسن نے انہیں بریفنگ دی۔

نگران صوبائی وزیر نے اپنے دورے کے موقع پر رافٹنگ بھی کی۔انہوں نے ناران میں صفائی مہم کا جائزہ لیا اور دریائے کنہار میں 500 ٹراؤٹ کے بچے بھی پانی میں چھوڑے۔ صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل نے 150 بیٹھنے کے بنچزنصب کیے جانے کا بھی افتتاح کیا،ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت جاری کی کہ مزید پبلک ٹوائلٹس بنائے جائیں جس سے سیاح مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے بھونجہ سے نیل گلی، سیراں ویلی سے رتی گلی تک پیدل آمدورفت کیلئے راستے بحال کرنے کے احکامات جاری کیے۔