سیاحت اور معدنیات کے شعبہ کی ترقی سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں حقیقی اور پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جائے گی،وفاقی وزیر علی امین خان گنڈا پور

136

اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ سیاحت اور معدنیات کے شعبہ کی ترقی سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں حقیقی اور پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جائے گی، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو قدرت نے بے پناہ خوبصورتی اور قدرتی وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے جن کے بہترین استعمال سے یہ دو خطے دنیا کے معروف ترین سیاحتی مقامات کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ گزشتہ 70 سالوں میں ان علاقوں میں سیاحت اور قدرتی وسائل کا ترقی کے لئے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا گیا اور ان دونوں شعبوں کو نظر انداز کیا گیا جو کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی کے لئے حقیقی موجب ثابت ہو سکتے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ان علاقوں تک ذرائع رسائی ایک بنیادی حیثیت رکھتی ہے اور اس ضمن میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام سیاحتی مقامات تک ذرائع آمدورفت کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔