سیاحت معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاحت و کھیل عون چوہدری کا عالمی یوم سیاحت کے موقع پر پیغام

277

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاحت و کھیل عون چوہدری نے کہا ہے کہ سیاحت معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، سیاحت دنیا بھر میں تیزی سے ترقی کرنے والی صنعتوں میں سے ایک ہے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، زرمبادلہ کمانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے سیاحت سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

عالمی یوم سیاحت پر اپنے پیغام میں وزیراعظم کے مشیر عون چوہدری نے کہا کہ بین الاقوامی یوم سیاحت کے موقع پر جس کا موضوع "ری تھنکنگ ٹورازم” ہے، کے موقع پر آپ سب کو بتا نا چاہتا ہوں کہ یہ شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاحت کی صنعت میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور یہ سب سے مناسب وقت ہے کہ مل بیٹھیں اور اس شعبے کی پائیدار ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سیاحت کی ترقی کے مستقبل کے بارے میں دوبارہ سوچیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کا دن ہر سال 27 ستمبر کو یو این ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن (یو این ڈبلیو ٹی او) کے زیراہتمام منایا جاتا ہے جو سیاحت کی اہمیت اور ہمارے معاشرے پر اس کے اثرات کے بارے میں آگاہی پھیلانے کا ایک اچھا موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاحتی صنعت اپنے قدرتی حسن کے چھپے خزانوں، متنوع مناظر، آثار قدیمہ کے جواہر، عظیم پہاڑی سلسلوں پر مشتمل ہے جو مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سیاحوں کے لیے سیاحتی دوستانہ ماحول کے ساتھ اپنے آپ کو دنیا کے سامنے رکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن ، صوبائی محکمہ سیاحت اور نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کو پاکستان میں اقتصادی ترقی کے لئے کردار ادا کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ، مجھے امید ہے کہ تمام نئے منصوبے اور اقدامات جو وفاقی اور صوبائی حکومتیں شروع کر رہے ہیں ان سے پاکستان اور اس کے عوام کو بہت فائدہ پہنچے گا۔