سیاحوں کا پی ٹی ڈی سی سے سیاحتی مقامات پر صفائی سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کا مطالبہ

212
پی ٹی ڈی سی
سیاحوں کا پی ٹی ڈی سی سے سیاحتی مقامات پر صفائی سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):سیاحوں نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)اور دیگر متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ ملک بھر کے مختلف سیاحتی مقامات پر صفائی سے متعلق آگاہی مہم کا آغاز کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیاحوں کو راغب کیا جا سکے اور سیاحتی مقامات کی خوبصورتی اور شادابی کو برقرار رکھا جا سکے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مونومنٹ کی سیر کو آئے سیاح تابش کلیم نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ قومی یادگار اور گردونواح کی صفائی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ ملکی اور غیر ملکی سیاح اس سیاحتی مقام کی باقاعدگی سے سیر کے لئے آسکیں۔

دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ کوڑے کرکٹ کی مناسب صفائی کا انتظام یقینی بنانا سوک اداروں اور پی ٹی ڈی سی کی ذمہ داری ہے ، اس سیرگاہ کی صفائی کو یقینی بنا کر سیاحوں کو اس جانب راغب کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پی ٹی ڈی سی اور دیگر متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ پاکستان مونومنٹ، فیصل مسجد اور لیک ویو پارک میں مہم کا آغاز کریں تاکہ سیاحوں کو آلودگی سے پاک خوشگوار تفریحی ماحول فراہم کیا جا سکے ۔

ایک اور سیاح ہادی بخش چاچڑ نے دنیا کے قدیم ترین تاریخی اور آثار قدیمہ کے مقام موہنجو داڑو، سندھ کا دورہ کیا اورکہا کہ یہاں صفائی کا کوئی طریقہ کار نہیں ہے اور لوگ مختلف جگہوں پر کوڑا کرکٹ پھینک دیتے ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو اس بات کی آگاہی دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ سیاحتی مقامات پر کوڑا کرکٹ پھینکنے سے گریز کریں۔

پی ٹی ڈی سی کے ترجمان نے کہا کہ سیاحوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے مختلف تفریحی مقامات پر جلد صفائی مہم شروع کی جائے گی۔ اس مہم کے دوران رضاکار ریپرز، شاپنگ بیگز، مشروبات کی بوتلیں، ڈسپوزایبل کراکری اور دیگر اشیا جمع کریں گے جو آلودگی اور گندگی کی ایک بڑی وجہ ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ جلد آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔