ابو ظہبی۔6مارچ (اے پی پی): متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ سیاست، کاروبار اور ثقافت سمیت عوامی شعبوں میں خواتین کی شرکت وقت کی ضرورت ہے۔
متحدہ عرب امارات میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے دبئی گلوبل ویمن اچیور ایوارڈز 2024 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نے مختلف شعبوں میں خواتین کے کردار کو بڑھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
سفارتخانہ پاکستان سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق سفیر نے کہا کہ خواتین سیاست، کاروبار اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں کردار ادا کریں تو دنیا زیادہ پرامن اور رہنے کے لئے بہتر جگہ بن جائے گی۔ تقریب کے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے سفیر نے کہا کہ کامیاب خواتین کے اعتراف میں تقریب کے انعقاد سے ایک بہت ہی مثبت پیغام دیا گیا ہے کیونکہ تقریب میں نہ صرف پاکستانی بلکہ دیگر قومیتوں کی خواتین نے بھی شرکت کی،
مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو سراہنا آج کے پروگرام کی سب سے پرکشش خصوصیت ہے۔ فیصل نیاز ترمذی نے دنیا کے تقریباً 200 ممالک کے لوگوں کے پرامن زندگی گزارنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ صرف اسی عنصر نے متحدہ عرب امارات کو دنیا کی کمیونٹیز کے درمیان پرامن بقائے باہمی کا ایک مثالی رول ماڈل بنا دیا ہے۔
اس موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اعلیٰ کامیابیوں پر ایوارڈز حاصل کرنے والی خواتین بشمول اماراتی اور غیر ملکی کاروباری، سماجی اور کمیونٹی لیڈرز کو مبارکباد پیش کی۔