سیاستدانوں نے ملک کے لئے بہت قربانیاں دیں ، آگے بڑھنے کے لئے ملک میں احتساب کا عمل ضروری ہے ، عطاء اللہ تارڑ کی پریس کانفرنس

90

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قانون و داخلہ عطاءاللہ تارڑ نے کہاہے کہ سیاستدانوں نے ملک کے لئے بہت قربانیاں دیں ، آگے بڑھنے کے لئے ملک میں احتساب کا عمل ضروری ہے ،گذشتہ حکومت میں سیاسی مخالفین کے خلاف شدید انتقامی کارروائیاں کی گئیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ امن و انصاف کی فراہمی کے لئے قانون کی حکمرانی ضروری ہے ۔انہوں نے احتساب سے متعلق گفتگو کرتےہوئےکہا کہ ملک میں کسی نہ کسی شکل میں تمام طبقات کا ہمیشہ سے احتساب ہوتا آیا ہے ،خواہ وہ احتساب قانونی طور پر ہو ، اخلاقی طور پر ہو ، پارلیمان کے ذریعے ہو ، عدلیہ کے ذریعے ہو یا وہ پبلک میں سکروٹنی کے حوالے سے ہو جبکہ عوام بھی سیاستدانوں کا احتساب کرتی ہے ۔

انہوں نےکہا کہ سیاستدانوں نے اس ملک میں ہمیشہ قربانیاں دی ہیں ، ہمیشہ ان ناکردہ گناہوں کی سزا بھگتی ہے جو ان کے ذمہ بھی نہیں تھے ، جس طریقے سے گذشتہ چار برس میں انتقامی سیاست اپنے عروج پر تھی اور ایک مہم چلائی گئی اور جنہوں نے چلائی ،آج وہ احتساب کے عمل سے بچنے کے لئے کوشاں ہیں ۔انہوں نےکہا کہ جب تمام طبقات کا احتساب کیا جاتا ہے ،بغیر ثبوت کے ،بغیر کسی جواز کےکسی کو سسلین مافیا کہا جاتا ہے، کسی کو پبلک آفس ہولڈر نہ ہوتے ہوئے بھی جیل بھیج دیاجاتا ہے ،کسی کی ضمانت کی اپیل دودوسال نہیں لگتی ،یہاں انصاف کون کرے گا ؟

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 209کے تحت یہ بات بالکل طے ہے کہ ججز کے حوالے سے جو بھی کارروائی ہوگی وہ سپریم جوڈیشل کونسل کے تحت ہوگی ،سپریم جوڈیشل کونسل کی تشکیل کا مقصد غیر قانونی اقدامات پر محاسبہ کرنا ہے ۔ عطاء اللہ تارڑ نے خیال ظاہر کیا کہ بظاہر آرٹیکل 209 غیر موثر دکھائی دے رہاہے ۔

انہوں نےکہا کہ گزشتہ روز میڈیا پر ایک خبر دیکھی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک سینئر جج کے خلاف ایک وکیل نے سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیاہے ۔ انہوں نےکہاکہ میری معزز چیف جسٹس آف پاکستان سے التماس ہے کہ اس ریفرنس کو فی الفور سماعت کے لئے مقرر کیاجائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں ۔