پشاور۔22فروری (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت ہے،سیاست کو صرف پیسہ بنانے کے لیے استعمال کرنے والے آج نشان عبرت ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں اراکین کابینہ اور پی ٹی آئی ممبران اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت ہے۔بدقسمتی سے یہاں لوگوں نے سیاست کو صرف پیسہ بنانے کے لئے استعمال کیا،ان لوگوں نے ہر جگہ پیسہ استعمال کیا اور اب ان کی حالت نشان عبرت ہے۔انہوں نے کہا کہ اخلاقیات جب ختم ہو جائے تو قوم تباہی کی طرف جاتی ہے،ہم مستقبل اور اپنی نسلوں کی بہتری کا سوچتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے۔ہم اس لیے پیچھے رہُ گئے کیونکہ یہاں اقتدار عوامی خدمت کی بجائے پیسہ چوری کرنے کے لئے سنبھالا گیا،ہم ہر نظام میں شفافیت چاہتے ہیں۔ اس موقع پرپی ٹی آئی اراکین نے وزیر اعظم کے ویزن کی مکمل تائید کی۔