اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ گزشتہ روز مسجد نبوی ؐپر پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، سیاسی اختلافات کو مقدس مقامات سے دور رکھنا چاہیئے، مقدس مقامات کی حرمت اور تقدس کا خیال رکھنا ہر مسلمان کی بنیادی ذمہ داری ہے،نیشنل پریس کلب سچ اور ااظہار رائے کی آزادی کا گھر ہے، نیشنل پریس کلب کے روح رواں قائد صحافت افضل بٹ ، صدر این پی سی انور رضا ، سیکرٹری خلیل احمد راجہ، فنانس سیکرٹری نیئر علی کی اپنی صحافی برادری کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں،نیشنل پریس کلب کی انتظامیہ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے صحافیوں کی فیملیز کیلئے رمضان فیملی گالا میں شرکت کا موقع فراہم کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نیشنل پریس کلب کی طرف سے اپنے ممبران اور انکی فیملیز کیلئے شاندار رمضان فیملی گالا کے موقع پر اپنے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔
این پی سی فیملی گالا کے موقع پر ممبران اور انکی فیملیز کیلئے کیش انعامات کے علاوہ بے شمار گفٹ پیک بھی دیئے گئے، اس موقع پر بچوں کے درمیان قرآت اور نعت رسول مقبول ؐ کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں شرکت کرنے والے بچوں کو نقد انعامات سے نوازا گیا،اس موقع پر صدر این پی سی انور رضا کا کہنا تھا کہ اپنے ممبران اور انکی فیملیز کیلئے خوشیوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، این پی سی کی منتخب قیادت اپنے ممبران کے دکھ درد بانٹنےکیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے، اس سال این پی سی نےمردوں کے علاوہ پریس کلب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین صحافیوں کے کرکٹ ٹورنامنٹ کا بھی انعقاد کیا جس کا مقصد اپنی خواتین صحافی ساتھیوں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا جبکہ تمام ممبران اور انکی فیملیز کی تفریح کیلئے جوائے لینڈ میں شاندار افطار پارٹی اور بچوں کیلئے فری جھولوں کا انتظام بھی کیا گیا جس سے فیملیز بھر پور طریقے سے لطف اندوز ہوئیں۔
اس موقع پر قائد صحافت افضل بٹ، صدر آر آئی یو جے عابد عباسی، سابق صدر آر آئی یو جے عامر سجاد سید، نائب صدر این پی سی نذیر چراں، اظہر جتوئی، ممبر گورننگ باڈی، عامر رفیق بٹ، جڑواں شہروں کی سینئر صحافیوں اور انکی فیملیز نے بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب کی نظامت کے فرائض سیکرٹری خلیل احمد راجہ اور فنانس سیکرٹری نیئر علی نے سرانجام دیئے۔