سیاسی بحران پیچھے رہ گیا، آئینی بحران نے ملک کو لپیٹ میں لے لیا ہے،وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ

183

اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ سیاسی بحران پیچھے رہ گیا، آئینی بحران نے ملک کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیرنے کہا کہ ملک کو درپیش آئینی و سیاسی بحران کے حل کے لیے نہ کوئی ادارہ بچا اور نہ ہی کوئی شخصیت۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہم بند گلی میں پہنچ چکے ہیں ۔ بحران سے نکلنے کا اگر کوئی راستہ بن سکتا ہے تو وہ فل کورٹ ہے۔ فل کورٹ کے ذریعے عدلیہ آئینی بحران سے نکلنے کی راہ تلاش کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی و سیاسی معاملات اگر بند گلی میں چلے جائیں تو گھڑی کی ٹک ٹک شروع ہو جاتی ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ تجربے سے بتا رہا ہے کہ وقت بہت کم ہے اگر بحران کا حل نہ نکالا گیاتو کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ملکی نظام کے ساتھ اگر کچھ غلط ہوا تو اہم ادارے ذمہ دار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضد اور انا نے ملک کو اس دلدل تک پہنچایا ہے۔افسوسناک صورتحال ہے کہ سیاسی بحران کو حل کرنے کی بجائے سنگین آئینی بحران پیدا کر دیا گیا۔خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان کو مسلط کرنا ہی ملک کو درپیش خرابی کی اصل بنیاد ہے، اگر سپریم کورٹ نے فل کورٹ کے ذریعے بحران کے حل کا راستہ نہ نکالا تو پھر کوئی راستہ نہیں نکلنا۔بار بار کہہ رہا ہوں۔ اب صرف فل کورٹ، صرف فل کورٹ ورنہ صرف پچھتاوا ہے۔