پشاور۔ 29 مئی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبہ کے حقوق کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کر رہا ہوں،سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے صوبائی حقوق کا مضبوط مقدمہ وفاق کے سامنے پیش کرنا چاہتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے المرکز الاسلامی کے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پرگورنر نے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان سے ملاقات کی،
ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر گفتگوکی گئی، ملاقات میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع، نائب امراء صابر حسین اعوان، عنایت اللہ خان ودیگر صوبائی ذمہ داران موجود تھے ۔ المرکز اسلامی دورہ کے دوران گورنر کے ہمراہ اراکین صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی، احسان اللہ خان میاں خیل اورارباب زرک شریک تھے،ملاقات میں صوبہ کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے وفاق سے صوبائی حقوق پر بات کرنے کے لئے ملکر سفارشات تیار کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا
۔ملاقات میں امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے جماعت اسلامی کی جانب سے ضم اضلاع بالخصوص سابقہ پاٹا میں ٹیکس نظام میں رعایت کیلئے گورنر سے کردار ادا کرنیکی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، نان کسٹمز گاڑیوں سمیت دیگر ٹیکسز کے فوری اطلاق پر سابقہ فاٹا اور پاٹا کے عوام کے تحفظات کو دور کرنا چاہئے
،ملاقات میں جماعت اسلامی کی صوبائی قیادت کا وفاق کے ذمہ صوبہ کے حقوق سے متعلق جامع اعدادوشمار گورنر ہاؤس میں مرتب کرنیکی تجویز دی گئی۔ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پانی، بجلی، گیس سمیت دیگر شعبوں میں وفاق سے حقوق لینے کیلئے سیاسی جماعتوں کی مشترکہ مشاورت سے متعلقہ فورمز پر موثر آواز اٹھانے کے حق میں ہوں۔