سیاسی جماعتوں کے سربراہان اپنے اکائونٹس کے مربوط گوشوارے الیکشن کمیشن میں 29 اگست یا اس سے پہلے جمع کرائیں ، الیکشن کمیشن

81
Election Commission

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کوہدایت کی ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 204 اور 210 اور الیکشن رولز 2017 کے قاعدہ 159 اور 160 کے تحت یاد دلاتا ہے کہ انہیں جون 2024 میں ختم ہونے والے مالی سال 24۔2023 کے لئے اپنے اکائونٹس کے مربوط گوشوارے الیکشن کمیشن میں 29 اگست یا اس سے پہلے جمع کرائیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 210 کے تحت ہر سیاسی جماعت کو مالی سال کے اختتام کے 60دن کے اندر کمیشن کو اپنے گوشوارے فارم۔ ڈی پر چارٹرڈ اکائونٹنٹ کے ذریعے سالانہ آمدنی اور اخراجات،فنڈنگ کے ذرائع اور اثاثے اور واجبات کے ساتھ جمع کرانے ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کو پیش کی جانے والی تفصیلات سیاسی جماعت کی آڈٹ رپورٹ جو چارٹرڈ اکائونٹنٹ کی طرف سے جاری کی گئی ہو اور پارٹی سربراہ کی جانب سے مجاز عہدیدار سے دستخط شدہ ہو جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہو کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت ممنوعہ ذرائع سے پارٹی کو کوئی فنڈ نہیں ملا، گوشواروں میں پارٹی کی مالی حالت کے بابت درست معلومات موجود ہے۔مذکورہ بالا تفصیلات زیر دستخطی/مجاز عہدیدار کے علم اور یقین کے مطابق درست ہیں،گوشواروں کی منسلک کی گئی تفصیلات رپورٹ چارٹرڈ اکائونٹنٹ کی طرف سے آڈٹ شدہ ہے،گوشواروں کی تفصیلات الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق فارم ڈی پر جمع کرائی جائیں گی۔

پرنٹ شدہ فارم الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد اور صوبائی الیکشن کمشنرز، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے دفاتر میں مفت دستیاب ہیں۔ فنڈز کے ذرائع کیلئے فارم ڈی پرفارما بھی ای سی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔فارم میں اوور رائٹنگ قابل قبول نہیں، آڈیٹر کے حوالہ سے آئی سی اے پی کی جانب سے جاری کردہ رکنیت/سرٹیفکیٹ کو آخری درست تجدیدی سرٹیفکیٹ کے ساتھ فارم ڈی میں شامل کیا جائے۔

فارم ڈی کے ساتھ یکم جولائی 2023 سے 30 جون 2024 کی مدت کیلئے ہر بینک سٹیٹمنٹ کی کاپی کے ساتھ بینک ریکنسیلیشن سٹیٹمنٹ بھی مہیا کرنا ہو گی۔مذکورہ سٹیٹمنٹ/فارم بنام سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان، شاہراہ دستور، سیکٹر جی- فائیو/ٹو اسلام آباد پر پارٹی عہدیدار کے ذریعے پہنچایا جائے گا جو کہ الیکشن رولز 2017 کے قاعدہ 156 کے مطابق پارٹی سربراہ کی طرف سے باقاعدہ طور پر مجاز ہو۔ ڈاک، فیکس، کوریئر سروس یا کسی اور طریقے سے موصول ہونے والے موصولات قبول نہیں کئے جائیں گے۔