اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چئیرمن شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں،ادارے،پارلیمنٹ اورپاکستان کے عوام کشمیر کازکے لئے اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں بدترین ظلم وبربریت کے خلاف متحد ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں یوم استحصال کے سلسلے میں گرینڈ تھری ڈی پراجیکٹ شو کے موقع پر خطاب کے دوران کیا۔اس پراجیکٹ کا مقصد دنیا بالخصوص کشمیریوں کو یکجہتی کا ایک منفرد پیغام دینا تھا۔شہریار آفریدی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی زیر قبضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کا نوٹس لے،دنیا بھارت پر دباﺅ بڑھائے کہ وہ سلامتی کونسل کی قرادادوں کے مطابق کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست کشمیریوں کی تاریخ کا ایک اور سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی حکام نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کو پس پشت ڈال کر کشمیر میں اپنے غاصبانہ قبضہ کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی۔ آر ایس ایس سے متاثرہ ہندوتواکے نظریے سے متاثر بھارتی حکومت کا یہ اقدام یادہانی ہے کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو دبانا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں نے بھارتی ظلم وبربریت کے خلاف مثالی مزاحمت دکھائی ہے۔انہوں نے سول سوسائٹی،انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی غیر سرکاری تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی اقدامات کا نوٹس لیں،پاکستان بھارت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے آواز اٹھاتا رہے گا۔