اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت کیطرف سےوفاق پرچڑھائی کےغیرقانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے ،چاروں صوبوں ، گللگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے آئی جیز و چیف سیکرٹریز آئین و قانون کی پاسداری کویقینی بنائیں،کسی سیاسی جماعت ،گروہ یا مسلح جتھے کو وفاق پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ، ریاست کو کسی گروہ یامسلح جتھے کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے ۔
وہ منگل کو پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کے حوالے سے امن وامان سےمتعلق اعلی سطحی اجلاس سے خطا ب کررہے تھے ۔وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان ، آزادجموں وکشمیر کے آئی جیز و چیف سیکرٹریز،آئی جی اسلام آباد و چیف کمشنر اسلام آباد بھی اجلاس میں شریک تھے ۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت اجلاس میں پی ٹی آئی کے وفاق پر ممکنہ چڑھائی کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا ۔اجلاس کے شرکاء نےوفاق پرممکنہ حملے کی صورت میں آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ وفاق اور اسکی اکائیاں مل کر ایسے غیر آئینی اقدامات کو روکنے کی پیش بندی کریں گے ، کسی سیاسی گروہ یا جماعت کو وفاق پر حملہ کرکے ریاست کو مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے۔ایسی کسی بھی روایت کی اجازت نہیں دی جاسکتی،چیف سیکریٹریز یقینی بنائیں کہ کوئی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کے کسی اقدام یا منصوبے کا حصہ نہ بنے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کیخلاف ریاست کو تحفظ فراہم کرنا سرکاری ملازمین کا فریضہ ہے ،جو سرکاری ملازمین 25 مئی کے لانگ مارچ میں شریک ہوئے ان پر وفاق کو گہری تشویش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کئ طرف سے ڈیمانڈ کئے گئے وسائل اور نفری فراہم کی جائے ۔