سیاسی جماعت کی تشکیل کا مقصد غریب اور مڈل کلاس طبقہ کی تعلیمی، صحت، روزگار اورمعاشی مشکلات کا مداوا کرنا ہے، راؤ غلام رسول اسد

81

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):پاکستان نیشنل پارٹی پارلیمنٹیرین کے بانی صدر راؤ غلام رسول اسد نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت کی تشکیل کا مقصد غریب اور مڈل کلاس طبقہ کی تعلیمی، صحت، روزگار اورمعاشی مشکلات کا مداوا کرنا ہے،برسراقتدار آ کر سیاسی و سماجی عدم مساوات کا خاتمہ کریں گے،آئین اور قانون میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لا کر جزا و سزا کے نظام کو مربوط بنائیں گے، بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ سمیت پارلیمان میں نمائندگی دیں گے تاکہ ان کے مسائل کو ان کے نمائندوں کے ذریعے حل کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پارٹی کی تعارفی تقریب کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔راؤ غلام رسول اسد نے کہا کہ پاکستان نیشنل پارٹی پارلیمینٹیرین کا بنیادی مقصد سیاسی و سماجی عدم مساوات کا خاتمہ کرنااور بڑے پیمانے پر قانونی و آئینی اصلاحات کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قومی اسمبلی میں ووٹ کا حق دینے اور بذریعہ انتخاب ممبر شامل کیا جائے گا جس کے لئےقانون سازی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ برسراقتدار آ کر خواتین کی مخصوص نشستیں ختم کرکے ان کو براہ راست قومی انتخاب میں حصہ دیا جائے گا،الیکشن دھاندلی میں ملوث عملے کو نوکری سے برطرف کر کے سخت سزاؤں کا نفاذ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیشنل پارٹی پارلیمینٹیرین ایک خوشحال ،منصفانہ اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کے لئے پر عزم ہے،اپنے منشور میں پیش کر دو اہداف کے حصول کے لئے انتھک محنت کریں گے اور عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔