سیاسی منافرت ، عدم برداشت اور نفرت کا پرچار کرنے والوں نے مسجد نبوی جیسے مقدس مقام کا لحاظ بھی نہیں کیا،فیصل کریم کنڈی

68
عمران خان سیاستدان نہیں محض کٹھ پتلی تھے،فیصل کریم

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مسجد نبوی میں پیش آنے والے واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔سیاسی منافرت عدم برداشت اور نفرت کا پرچار کرنے والوں نے مسجد نبوی جیسے مقدس مقام کا لحاظ بھی نہیں کیا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ جیسا معاشرہ تشکیل دینے والوں نے والی مدینہ کے دربار کی حرمت کا خیال نہیں کیا،پی ٹی آئی کے حواریوں نے مسجد نبوی کا تقدس پامال کیا۔پی ٹی آئی کے حواریوں کی طرف سے خواتین کے ساتھ جس طرح رویہ اپنایا گیا کیا اسلام ہمیں یہ درس دیتا ہے ۔

پی ٹی آئی والے حکومت جانے کے بعد بوکھلائے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے دو دن پہلے کہا تھا کہ یہ مدینہ جائیں تو ان کے ساتھ کیا ہوتا ہے۔ سعوی حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کو عبرتناک سزا دی جائے۔

عمران خان اور شیخ رشید کے سعودی عرب میں داخلے پر تاحیات پابندی لگائی جائے۔عمران خان ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت عمران خان کی تقریروں پر پابندی لگائے۔کیا عمران خان قوم کو بتائیں گے کہ امریکہ میں ان پر کیا مقدمہ بنا جس پر ان کو سزا ملی؟۔