سیاسی میدان خونی میدان نہیں بننے چاہئیں، عمران خان کے لانگ مارچ میں فائرنگ کا واقعہ افسوسناک ہے، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

140

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے لانگ مارچ میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی میدان خونی میدان نہیں بننے چاہئیں، یہ افسوسناک واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ واقعہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش نہ کی جائے، پنجاب پولیس، پنجاب کی انتظامیہ، پنجاب کے انٹیلی جنس ادارے واقعہ کی تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید کی فوٹیج دیکھی، وہ زخمی ہوئے، ان کی صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ پنجاب حکومت کی حدود میں ہوا ہے، اس واقعہ پر قیاس آرائیاں نہیں ہونی چاہئیں، یہ حساس معاملہ ہے، ایسے واقعات پر قیاس آرائیوں سے مزید اشتعال پیدا ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب پولیس اور پنجاب حکومت کی طرف سے آنے والے حقائق کو نشر کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ پنجاب حکومت، آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری پنجاب سے رابطے میں ہیں، جیسے ہی کوئی مصدقہ اطلاع ملتی ہے وہ میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت جس طرح کا تعاون چاہے گی، وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔ ہم پنجاب حکومت کی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔