سیاسی میدان خونی میدان نہیں بننے چاہئیں،پاکستان کی سیاست ایسے واقعات کی متحمل نہیں ہو سکتی،وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس

173

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی میدان خونی میدان نہیں بننے چاہئیں، پاکستان کی سیاست ایسے واقعات کی متحمل نہیں ہو سکتی، جب تک پنجاب حکومت، وزیراعلیٰ پنجاب اور پنجاب پولیس کی جانب سے واقعہ کی حتمی رپورٹ جاری نہیں ہو جاتی، غیر ضروری بیانات اور قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، ہمارے الفاظ کا چنائو بہت اہم ہوتا ہے، ایسے الفاظ استعمال نہ کئے جائیں جو اشتعال کا باعث بن سکتے ہوں، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان، سینیٹر فیصل جاوید اور دیگر زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔

جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں اندوہناک واقعہ پیش آیا، اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، واقعہ میں عمران خان اور سینیٹر فیصل جاوید زخمی ہوئے، ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کو کنٹینر سے ہسپتال لے جایا گیا ہے جہاں ان کی سی ٹی سکین ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی میدان خونی میدان نہیں بننے چاہئیں، ہم اس قسم کی سیاست کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے رانا ثناء اللہ کو چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی حکومت واقعہ کی تحقیقات میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ پنجاب حکومت کی حدود میں رونما ہوا، پنجاب کی پولیس، پنجاب کی انتظامیہ، پنجاب کی انٹیلی جنس اس واقعہ پر اپنی رپورٹ دے، وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی چاہئے کہ وہ واقعہ کی رپورٹ طلب کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میڈیا پر آ کر اپنی حکومت اور پنجاب کے اندر اس واقعہ کے حوالے سے حقائق سے عوام کو آگاہ کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فائرنگ کرنے والا شخص گرفتار ہو چکا ہے، اس نے تسلیم کیا ہے کہ اس نے عمران خان کو گولی مارنے کی کوشش کی، پولیس اس کا بیان ریکارڈ کر رہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب پولیس فوری طور پر جائے واقعہ کو سیل کرے، یہیں سے تحقیقات کا آغاز ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے واقعہ سے سبق سیکھنا چاہئے، ایسے واقعات پر سیاست نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کی ایک ذمہ دار خاتون نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیا کہ رانا ثناء اللہ نے حملہ کروایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے رویئے اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کے اثرات عوام کو بھگتنا پڑتے ہیں۔ انہوں نے عمران خان، فیصل جاوید اور دیگر زخمی افراد کی صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد از جلد صحت یاب فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی میدان خونی میدان نہیں بننے چاہئیں، ہمیں اپنے رویوں اور ذمہ داری کے ساتھ اسے درست کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر حقائق اور ابتدائی تحقیقات عوام تک پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو بھی بتا دیا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات میں کسی بھی قسم کا تعاون درکار ہو، فراہم کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہئے جن سے مزید انتشار پھیلنے کا اندیشہ ہو۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی حفاظت میں رکھے۔