سیالکوٹ۔15نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت سیالکوٹ نے تل کے کاشتکاروں کو پتے جھڑنے پر تل کی برداشت شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ جب تل کے پودوں سے 90سے 95فیصد تک پتے جھڑ جائیں اور پودوں کی پھلیاں 75فیصد تک زردی مائل ہوجائیں تو پھلیوں کامنہ کھلنے سے پہلے پودے کاٹ لیں اور چھوٹے چھوٹے گٹھے بنا کر پہلے سے تیار کردہ ہموار زمین پر سیدھے کھڑے کردیں تاکہ ان میں روشنی و ہوا کا گزر آسانی سے ہوسکے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ٹیکنیکل )محکمہ زراعت رانا زاہد اقبال نے بتایا کہ کچی پھلیاں پودوں میں موجود خوراک حاصل کرکے پک جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پڑ بنانے وقت اس کی مناسب صفائی اورلپائی کا بھی انتظام کرنا چاہیے نیز پڑ کے اردگرد مناسب زہر دھوڑا بھی کرناچاہئیے تاکہ اسے کیڑے مکوڑوں سے بچایاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار پودے خشک ہونے پر ان کو الٹا الٹاکر جھاڑلیں اوریہ عمل وقفے وقفے سے دو سے تین مرتبہ مکمل کرنے کے بعد بیج کو الگ کرلیناچاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ بیج کو دو سے تین روز تک خشک کرلیناچاہئیے تاکہ اس میں 8یا10فیصد سے زائدنمی نہ ہو۔