سیالکوٹ۔27اگست (اے پی پی):سیالکوٹ اور گردونواح میں سیلابی صورتحال کے باعث ریسکیو 1122 کا امدادی آپریشن جاری ہے۔ تحصیل سیالکوٹ میں نالہ پلکھو، دریائے توی، سید پور اور کھوجہ چک کے علاقوں جبکہ تحصیل سمبڑیال کے رندھیر باگڑیاں، خاصہ اور چھنی گوندل میں بھی ریسکیو ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔ترجمان ریسکیو 1122سیالکوٹ کے مطابق آپریشن کے دوران مختلف ڈیروں اور گھروں میں پھنسے ہوئےمزید 243 افراد کو بروقت کارروائی کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اہلکار کشتیوں اور دیگر جدید آلات کے ساتھ شہریوں کی مدد کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دریائے جموں توی اور چناب کے قریبی علاقوں کو فوری طور پر خالی کر کے محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔